لکہنو 7نومبر ﴿ایس او نیوز﴾پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی میچ کی میزبانی کر رہے لکھنو کے اٹل اکانا اسٹیڈیم میں منگل کی شام کمنٹری باکس میں ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔ کمنٹری باکس کے دروازے کا شیشہ میچ شروع ہونے سے پانچ منٹ پہلے اچانک ٹوٹ گیا ۔ اس دوران کرکٹر سے کمنٹیٹر بنے سنیل گواسکر اور سنجے منجریکر اس کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئے۔
میڈیا سینٹر کے بغل میں واقع کمنٹری باکس سے شام 6:55 بجے زور دار دھماکہ کی آواز سن کر میڈیا اہلکار وہاں پہنچے تو دیکھا کہ دروازے کا شیشہ ٹوٹا پڑا تھا۔ گواسکر اور منجریکر دور کھڑے تھے ۔
حالانکہ اس حادثہ میں گواسکر اور منجریکر کو کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی ۔ منجریکر نے کہا کہ شیشہ کا دروازہ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا ، لیکن کسی کو چوٹ نہیں آئی ۔ سبھی محفوظ ہیں ۔ ادھر میڈیا سینٹر میں بھی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔